حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ہندوستان کے عظیم مذہبی رہنما ،مسلم پرسنل لابورڈ کے صدر ،ندوۃ العلما کے ناظم اور عالم اسلام کے برجستہ مفکرحضرت مولانا رابع حسنی ندوی کے انتقال پر اظہار تاسف کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جوادنقوی نے کہاکہ مولانا سید رابع حسنی ندوی عالم اسلام کی نابغۂ روزگارشخصیت اور عظیم دانشور تھے ،ان کی رحلت سے ملت مسلمہ کا ناقابل تلافی نقصان ہواہے ۔انہوں نے کہاکہ مولانا رابع ندوی جیسی شخصیات ’بڑی مشکل سے ہوتاہے چمن میں دیدہ ور پیدا‘کا اعلیٰ ترین نمونہ ہوتی ہیں ،انہیں ان کے خدمات کی بنیاد پر ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔
مولانا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ مولانا رابع حسنی ندوی ایک بہترین مدبر ،ممتاز مفکر اور امت مسلمہ کے لئے نہایت دردمند تھے۔انہوں نے مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدرکے عہدے پر رہتے ہوئے ہمیشہ ملت کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی اور اتحاد بین المسلمین کے علم برداررہے ۔مولانانے کہاکہ مولانا رابع حسنی ندوی نے ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کی ۔اس دوران انہوں نے ہمیشہ اپنے علم و فکر کا لوہا منوایا۔ان کی کتابیں ہندوستان کے علاوہ دیگر ملکوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھتی جاتی ہیں ۔ایسے بے نظیر عالم کی رحلت عالم اسلام کا بڑا نقصان ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔
مولاناسید کلب جواد نقوی نے مولانا رابع حسنی ندوی کے اہل خانہ ،پسماندگان،وابستگان ندوۃ العلما اور ان کے عقیدت مندوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ۔